وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد

1923

With the compliments of the
Directorate General Public Relations,
Government of the Punjab, Lahore.
Ph: +92 42 99201390-1-2


لاہور 5 نومبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے آج اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ا ٹک میں 200بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈہسپتال کے عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ یہ ہسپتال 75کنال اراضی پر تعمیر کیاجائے گاجس پر 5ارب32 کروڑروپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے لئے 2ارب 66 کروڑ روپے کی گرانٹ حکومت پنجاب دے گی۔ اتنی ہی گرانٹ وفاقی حکومت دے چکی ہے جس کے لئے ہم وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں۔ ہسپتال میں نرسنگ کالج، ہاسٹل،رہائش گاہیں، ڈاکٹرزاپارٹمنٹس اورمریضوں کے لواحقین کے لئے پناہ گاہیں بھی بنائی جائیں گی۔ تکمیل کے بعد اس ہسپتال سے سالانہ 2سے 3لاکھ خواتین کو گائنی کی ہیلتھ سروسز میسر ہوں گی۔ اٹک میں صحت کی سہولتو ں کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف اٹک بلکہ خیبر پختونخوا کے 3ملحقہ اضلاع صوابی، نوشہرہ اور ہری پور کے عوام بھی مستفید ہو سکیں گے۔ اٹک میں ڈی ایچ کیو میں 100 بیڈ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حضرو میں ٹراما سنٹر اور ٹی ایچ کیو حضرو میں رہائشی بلاک بنایا جا رہاہے۔ اٹک اورحضرو کے درمیا ن گوندل کے مقام پر ٹراما سنٹربنایا جائے گا۔ اٹک میں 4بنیادی مراکز صحت کو  اپ گریڈکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ہم پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22میں 360ارب روپے کاتاریخ ساز ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا گیاہے۔ اس پیکیج کے تحت اٹک کے لئے 20ارب 60کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اور 93سکیموں پر کام جاری ہے۔ اٹک میں 5ارب 20کروڑ روپے کے 42 نئے منصوبے بھی لائے جا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اٹک کو 2018سے اب تک 56ارب روپے کاترقیاتی بجٹ دیا ہے جبکہ سابقہ دورحکومت میں 2013 سے 2018تک اٹک کو صرف20ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹک شہر کے لوگوں کی فلاح و بہبود،ان کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی خدمت حکومت کا فرض ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اٹک شہر کی اپنی تاریخی اہمیت اور حیثیت ہے۔ یہ شہر پنجاب کا داخلی راستہ اورہمارے دل کے قریب ہے۔ اٹک شہر پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شرح خواندگی 64فیصد ہے جبکہ اٹک میں 69فیصد ہے اور گرلز سکولز کا تناسب بوائز سکولوں سے زیادہ ہے۔ اٹک میں 3یونیورسٹیاں اور 18 کالجز ہیں۔ پنجاب میں 6یونیورسٹیوں کا قیام مکمل ہوچکا ہے اور مزید9 یونیورسٹیوں کی منظوری کابینہ دے چکی ہے جس میں یونیورسٹی آف اٹک بھی شامل ہے۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 21 یونیورسٹیوں کے قیام پر کام ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب 2 ڈویژن میں صحت انصاف کارڈ کے پراجیکٹ کاآغاز کرچکی ہے اور بہت جلد دیگر 7 ڈویژن میں بھی صحت انصاف کارڈ کا اجراء کر دیا جائے گا۔ صحت انصاف کارڈ کے انقلاب آفرین پراجیکٹ پر 3 برس میں 330ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ پراجیکٹ اپنی نوعیت کا منفرد اور بہترین منصوبہ ہے جس کے تحت ہر کارڈ ہولڈر اور اس کے خاندان کو معیاری پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی جدید ترین سہولتیں بلامعاوضہ حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف ا ضلاع میں 8مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں جس میں اٹک بھی شامل ہے۔