میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس،چینی اور آٹے کی مارکیٹوں میں دستیابی

3316

With the compliments of the
Directorate General Public Relations,
Government of the Punjab, Lahore.
Ph: +92 42 99201390-1-2

 وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی اور آٹے کی مارکیٹوں میں دستیابی، قیمتوں اورموجود سٹاک کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیرچٹھہ نے چینی، آٹے کی ترسیل، دستیابی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔ زراعت و خوراک کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت اور متعلقہ افسران نے جلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے چینی اور آٹے کے موجود سٹاک پر اظہار اطمینان کیا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چینی اورآٹے کا وافر سٹاک موجود ہے۔ درآمدی چینی 90روپے فی کلو گرام جبکہ 20کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے میں دستیاب ہے۔چینی،آٹے اور دیگر  اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی طلب اور رسد پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کے حکام فیلڈ میں موجود ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی شکایت پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ مقررہ نرخ سے زائد پر چینی اور آٹا بیچنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری ہر قیمت پر نبھائے گی۔