وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ایک اوربڑا اقدام، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈیم کامنصوبہ تیار سوڑا ڈیم پراجیکٹ پر10ارب روپے لاگت آئیگی،اگلے برس کے آغاز میں سنگ بنیاد رکھا جائیگا:عثمان بزدار ڈیم علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے گیم چینجر منص

2003

With the compliments of the
Directorate General Public Relations,
Government of the Punjab, Lahore.
Ph: +92 42 99201390-1-2

لاہور16نومبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈیم کی تعمیر کامنصوبہ تیارکرلیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلی سطح کے اجلاس میں سوڑا ڈیم پراجیکٹ  پرہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیم کی تعمیر سے متعلقہ دیگر امور کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری آبپاشی نے سوڑا ڈیم پراجیکٹ کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے برس کے آغاز میں سوڑا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔سوڑا ڈیم علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔یہ صرف ایک ڈیم نہیں بلکہ ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہوگا،جس  سے پورا علاقہ استفادہ کرے گا۔سوڑا ڈیم کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کا کام مکمل کر لیاگیا ہے۔51ہزار ایکڑ پانی کو ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ڈیم دریا کی سطح سے 258فٹ اونچا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر پر تقریباً10ارب روپے لاگت آئے گی۔ڈیم کے ڈائزین کی ماہرین اورٹیکنیکل ٹیم منظوری دے چکی ہے۔ڈیم کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ ڈیم بننے سے تونسہ تک لوگوں کو وافر پانی ملے گااور زرعی شعبہ میں بے پناہ ترقی ہوگی اور علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال موسم برسات میں پہاڑی نالوں میں بہنے والا پانی ضائع ہوتا ہے۔ اس پانی کو محفوظ کرکے استعمال میں لانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر پہلی بار پسماندہ ترین علاقوں تک پہنچا ہے۔پنجاب کے پسماندہ ترین علاقے کے لوگ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ان کے علاقے میں ڈیم بنے گا۔ اس منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے گا اور ڈیم کے پراجیکٹ کوٹائم لائن کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سوڑا ڈیم پراجیکٹ کے امور تیز رفتاری سے طے کرنے پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورسیکرٹری آبپاشی اوران کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئیں۔