محتسب پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کے حکم پرسائلین کو 2کروڑ75لاکھ روپے سے زائد قانونی ریلیف کی فراہمی

29

With the compliments of the
Directorate General Public Relations,
Government of the Punjab, Lahore.
Ph: +92 42 99201390-1-2


لاہور03جنوری:…… محتسب پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر مختلف شہروں کے درخواست گزار افراد کو2کروڑ75لاکھ30ہزار 344روپے کا قانونی ریلیف مہیا کر دیا گیا ہے۔ان افراد نے قانونی حقوق کی فراہمی پر دفتر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر محتسب پنجاب کی کارروائی کے باعث ضلع جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کی ایک سڑک کے 203 کنال 17 مرلے حصے کوناجائز قابضین سے واگزار کروا کر عوامی راستے کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔اس واگزار شدہ سڑک کی مارکیٹ ویلیو 22933125روپے ہے۔مقامی افراد نے راستے کی بحالی پر محتسب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کے فعال کردار کو سراہا ہے۔ایک دوسری درخواست پر گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے طالبات کلورکوٹ ضلع بھکر کے لیب اٹینڈنٹ شکیل احمد کی بیوہ راشدہ بی بی کو دفتر محتسب کی ہدایت پر مرحوم شوہر کے واجب الادا2118841روپے ادا کر دیے گئے ہیں۔ایک علیحدہ درخواست پر محتسب آفس کی کارروائی کی بدولت چونیاں ضلع قصور کے محمد صدیق کو مرحومہ سرکاری ملازم اہلیہ کی فیملی پنشن کے واجبات مبلغ 1296599روپے مل گئے ہیں۔
دریں اثناء محتسب پنجاب کے چھانگا مانگا رورل ہیلتھ سینٹر میں طبی سہولیات کے فقدان کے حوالے سے شائع خبر پر لیے گئے آن موشن نوٹس پرمحکمہ صحت کی جانب سے مذکورہ ہیلتھ سینٹر کو وافر مقدار میں ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مرمتی امور کے لیے بجٹ بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔دفتر محتسب پنجاب نے ایک علیحدہ درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے رہائشی یونس عزیز کو ہائی وے سب ڈویژن منڈی بہاؤالدین کی جانب واجب الادا 1181779روپے واپس دلوا دیے ہیں۔مزیدبراں محتسب آفس کی جانب سے سیالکوٹ شہر میں تجاوزات کی بھرمار کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر پر آن موشن نوٹس پر متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ تجاوزکنندگان کو 9لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے