عمران خان نے قومی معاملات پر واضح رائے اور اُن کا درست حل پیش کیا:عبدالعلیم خان

With the compliments of the
Directorate General Public Relations,
Government of the Punjab, Lahore.
Ph: +92 42 99201390-1-2

اہور21جون:……سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی معاملات پر واضح رائے کا اظہار کر کے اُن کا درست حل پیش کیا ہے جس سے ایک مرتبہ پھر حقیقت پسندانہ اور دوٹوک موقف سامنے آیا جسے ہر فورم پر سراہا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے امریکی ٹی وی چینل کو دیے جانے والے انٹر ویو پر اپنے ٹوئٹ میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو اپنی قومی اور عالمی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ہمیشہ سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ ہمیں پرائی جنگ میں شریک نہیں ہونا چاہیے،اسی طرح انہوں نے افغانستان کے بارے میں جس رائے کا اظہار کیا آج دنیا اُس کی معترف دکھائی دیتی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ 3برسوں میں بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام امور کو بہتر طور پر اجاگر کیاہے جس سے پاکستان کا اب نیا اور مثبت تشخص سامنے آ رہا ہے۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی گفتگو سے ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ موجود ہ حکومت قومی خود مختاری کے تحفظ کی بہتر اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ موقف اختیار کر کے ساری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، اسی لیے اُن کی گفتگو بین الاقوامی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمسائیہ ممالک میں امن و استحکام ہی خطے کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہو سکتا ہے اورعمران خان بھارت اورا فغانستان میں ایسے حالات کے خواہاں ہیں جن سے کشیدگی کا خاتمہ ہو سکے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹر ویو سے وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر کی یاد تاز ہ ہو گئی ہے جو ملک و قوم کیلئے ہر لحاظ سے خوش آئند ہے۔