سیکرٹری صحت محمد عامر جان کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ،چلڈرن ہیلتھ یونیورسٹی کی تعمیر 3 ماہ میں شروع کردی جائیگی

2176

With the compliments of the
Directorate General Public Relations,
Government of the Punjab, Lahore.
Ph: +92 42 99201390-1-2

لاہور 12 اگست:……سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر محمد عامر جان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے گا اوراسے بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ سے یونیورسٹی کی جلد تعمیرکے لئے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اگلے تین ماہ میں رکھ دیا جائے اور فاسٹ ٹریک پر اس پراجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔
سیکرٹری صحت محمد عامر جان نے یہ بات آج انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کہی۔ ایڈیشنل سیکرٹری (ڈویلپمنٹ) ڈاکٹر آصف طفیل، ایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد اور چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی انکے ہمراہ تھے۔سیکرٹری صحت نے اعلان کیا کہ ہسپتال اور انسٹیٹیوٹ کی عمارتوں کو سولر انرجی پر جلد منتقل کردیا جائے گا تاکہ کروڑوں روپے کے اخراجات بچائے جا سکیں۔ انہوں نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال کو توانائی پر منتقل کرنے کے لئے بلا تاخیر عملی کام شروع کیا جائے۔محمد عامر جان نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کو سینٹرلی ائیر کنڈیشنڈ بنانے کے لئے HVAC سسٹم نصب کیا جائے گا۔
انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے ڈین پروفیسر مسعود صادق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کے 71 کنال رقبہ پر ملٹی سٹوری عمارت تعمیر کی جائے گی جن میں کالج آف پیڈیاٹرک اینڈ چائلڈ ہیلتھ، کالج آف نرسنگ اور کالج آف الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز قائم کیے جائیں گے۔ اسی طرح93 کنال رقبہ پر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے رہائشی اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ پبلک سیکٹر میں واحد ادارہ ہوگا جہاں بچوں کے امراض سے متعلق پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ دی جائیگی۔
سیکرٹری صحت نے ڈین پروفیسر مسعود صادق اور ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال پروفیسر محمد سلیم کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کا خود انحصاری جامع پروگرام وضع کیا جائے۔ہسپتال کے بلڈ بنک اور ادویات سٹور سمیت تمام شعبوں کے ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے کے لے سو فٹ ویئر ڈویلپمنٹ کی جائے تاکہ مینوئل کام سے چھٹکارا ملے۔سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں مریضوں کے لیے کئے گئے انتظامات پر ڈین اور ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال کی کارکردگی کو سراہا۔