گزشتہ حکمرانوں نے عوام کو سستے بھاشن اور مہنگے منصوبوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ فیاض الحسن چوہان

لاہور 10 اگست:- وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن اور عمران خان میں وہی فرق ہے جو کھوکھلے وعدوں اور انکی تکمیل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے عوام کو سستے بھاشن اور مہنگے منصوبوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ میگا منصوبوں نے ایک طرف ملکی خزانہ خالی کیا اور دوسری طرف ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
فیاض الحسن چوہان نے  کہا کہ میانوالی میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین سے روزانہ تقریباً ڈھائی لاکھ لوگ مستفید ہوتے ہیں، لیکن دونوں منصوبوں کی لاگت اور ترجیحات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ایک منصوبہ کم خرچ بالا نشین کی عمدہ مثال ہے جبکہ دوسرا عوامی خزانے کو آئندہ بیس سال تک مقروض رکھے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب بھر میں صاف پانی کے 1500 پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔ لاہور میں دنیا کے سب سے بڑے میاواکی جنگل کا افتتاح بھی وزیراعظم عمران خان کی ماحول دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملکی برآمدات، زر مبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر سمیت ہر معاشی اشاریہ بہتری کی جانب گامزن ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے منصوبوں کا مذاق اڑانے والے آئے روز نادم ہو رہے ہیں۔