ن لیگی قیادت نے نواز شریف کو ''سیاسی بیمار'' بنا رکھا ہے۔ فیاض الحسن چوہان

لاہور 11 اگست:……  وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر نواز شریف کے علاج پر سیاست کا الزام انتہائی بھونڈا اور حقیقت سے دور ہے۔ درحقیقت ساری ن لیگی قیادت نے نواز شریف کو ''سیاسی بیمار'' بنا رکھا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان سے جھوٹ بول کر فرار ہونے والوں کو اب لندن میں بھی شرمندگی اٹھانا پڑ رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی بصارت سے محروم مولانا فضل الرحمان کو ای وی ایم مشین کی منطق سمجھ نہیں آئے گی۔ ساری دنیا الیکٹرانک ووٹنگ پر شفٹ ہو چکی لیکن اپوزیشن ابھی بھی ملک کو دقیانوسی طرز پر چلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کو ایک دفعہ پھر آنے والی موسمی سیاسی حس بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ''ساون کے اندھے کو ہرا ہی سوجھتا ہے'' کے مصداق پی ڈی ایم کو اپنی ہر انتخابی شکست دھاندلی ہی نظر آتی ہے۔ پی ڈی ایم کے جلسوں، استعفوں اور لانگ مارچ کے دعوے اب چلے ہوئے کارتوس بن چکے ہیں اور عوام اب مزید ان ٹھگوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔